Tuesday, April 23, 2024

دتہ خیل میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 4 جوان شہید ، 7 دہشتگرد ہلاک

دتہ خیل میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 4 جوان شہید ، 7 دہشتگرد ہلاک
March 18, 2020

 راولپنڈی (92 نیوز) دتہ خیل میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جس میں 7 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔

شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں سکیورٹی فورسز نے امن دشمنوں کیخلاف آپریشن شروع کیا تو فساد پھیلانے والوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ کارروائی کے دوران پاک فوج کے ایک افسر سمیت 4 جوان وطن کی مٹی پر قربان ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دتہ خیل کے جنوب مغرب میں7 کلومیٹر دور واقع ماما زیارت کے علاقے میں کارروائی کی گئی۔ سکیورٹی فورسز نے آپریشن جاری رکھتے ہوئے 7 دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچا دیا۔

آئی ایس پی آر سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق شہید ہونے والوں میں لاہور سے تعلق رکھنے والے لیفٹیننٹ آغا مقدس علی خان، لیہ سے تعلق رکھنے والے حوالدار قمر ندیم اور سپاہی محمد قاسم، نارووال کے سپاہی توصیف شامل ہیں۔

پاک فوج شمالی اور جنوبی وزیرستان کو دہشت گردوں سے کلیئر کر چکی ہے تاہم آپریشن کے دوران مختلف مقامات پر چھپ جانے والے دہشت گردوں کو پکڑنے کیلئے کارروائیاں جاری رہتی ہیں۔