Thursday, September 19, 2024

دباؤ کے تحت کسی صورت شوگر ملز نہیں چل سکتیں، وحید چودھری

دباؤ کے تحت کسی صورت شوگر ملز نہیں چل سکتیں، وحید چودھری
December 4, 2018
اسلام اباد (92 نیوز) شوگر ملز ایسوسی ایشن کرشنگ شروع کرنے سے گریزاں ہو گئی اور حکومت سے واجبات کی ادائیگی کا مطالبہ  کر دیا۔ حکومت اور شوگر ملز مالکان کے درمیان تنازع شدت اختیار کر گیا۔ ای سی سی کے اجلاس میں کرشنگ جلد شروع کرانے کا فیصلہ کیا گیا تو شوگر ملز مالکان کا ردعمل بھی سامنے آیا۔ ترجمان شوگر ملز وحید چودھری نے نائینٹی ٹو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں کسی بھی صورت ملز نہیں چل سکتیں۔ گرفتاریوں کے نتیجے میں بھی ملیں نہیں چلیں گی۔ ترجمان شوگر ملز ایسو سی ایشن وحید چودھری نے کہا کہ وزیراعظم کی بنائی گئی کمیٹی سے معاملات طے ہوئے مگر اسد عمر نے پھر معاملہ لٹکا دیا اور صوبوں کے پاس جانے کا کہا۔ ادائیگیوں کے حوالے سے وحید چودھری کا کہنا تھا کہ دسمبر میں حکومت نے ملز مالکان کو ادائیگی کا وعدہ کر رکھا ہے۔ حکومت سے سولہ بلین لینے ہیں۔ ترجمان شوگر ملز وحید چودھری نے نائینٹی ٹو نیوز سے بات کرتے ہوئے  مزید کہا کہ شرائط کی وجہ سے اب تک ایک کلو چینی بھی ایکسپورٹ نہیں ہو سکی۔ حکومت کو چینی کی قیمت بڑھانا ہو گی۔ دو ماہ بعد گرفتاری سے بہتر ہے کہ ابھی گرفتاری دے دی جائے۔