Tuesday, April 23, 2024

دبئی کی کمپنی چھوڑنے کے بعد خواجہ آصف گھبرائے گھبرائے پھرتے ہیں، عثمان ڈار

دبئی کی کمپنی چھوڑنے کے بعد خواجہ آصف گھبرائے گھبرائے پھرتے ہیں، عثمان ڈار
July 7, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ جب سے دبئی کی کمپنی چھوڑی خواجہ آصف گھبرائے گھبرائے پھرتے ہیں۔ خواجہ آصف کے بیان پر اپنے ردعمل میں عثمان ڈار نے کہا کہ غیر ملکی کمپنی کا بے روزگار مزدور دیہاڑی کی تلاش میں ہے۔ نیب میں پیشیاں بھگتنے والے ہمیں حکومت چلانے کے طریقے نہ بتائیں۔ مافیا کا سرغنہ اپنی پلیٹیں لے کر باہر چلا گیا چمچے یہیں چھوڑ دیئے۔ انہوں نے کہا کہ آج کل ا ن کا سارا گزر بسر وزیراعظم عمران خان اور حکومت پر تنقید سے ہو رہا ہے۔ تنقید کرنیوالے بتائیں اپنے دور میں کونسی دودھ اور شہد کی نہریں چھوڑ کر گئے۔ عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ آج ہر منصوبے پر شفافیت اور میرٹ کے مطابق کام آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ ان کی نااہلی، کرپشن اور کک بیکس کی وجہ سے منصوبے تاخیر کا شکار ہوئے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ بڑے بڑے منصوبوں کی بات کرنے والے اپنے حلقے میں ایک وینٹی لیٹر تک نہ دے سکے۔