Thursday, March 28, 2024

دبئی، ڈرائیورز کو ایمرجنسی گاڑیوں کی اطلاع اب ریڈیو سے ملے گی

دبئی، ڈرائیورز کو ایمرجنسی گاڑیوں کی اطلاع اب ریڈیو سے ملے گی
October 30, 2019
دبئی (92 نیوز) دبئی پولیس آئندہ سے ڈرائیورز کو ایمرجنسی گاڑیوں کے آنے کی اطلاع کار ریڈیو کے ذریعے دے گی۔ کار کے ریڈیو کے ذریعے ہونے والے اعلان میں ڈرائیورز کو مطلع کیا جائے گا کہ وہ پچھلی جانب سے آنےوالی ایمبولینس، فائر بریگیڈ یا پولیس کی گاڑی کو فوری طور پر آگے گزرنے کا راستہ دیں۔ ٹویٹر پر دبئی پولیس کی جانب سے جاری کردہ پوسٹ کے مطابق اب سے گاڑی کے ڈرائیورز کو ریڈیو کے ذریعے وارننگ جاری کی جائے گی۔ وارننگ پر مبنی پیغام میں ان سے کہا جائے گا ”توجہ فرمائیے، ایمرجنسی گاڑی قریب آ گئی ہے، مہربانی فرما کر اسے راستہ دیجیے۔“ اس حوالے سے تمام گاڑیوں میں ریڈیو کا کام دینے والی ڈیوائس نصب کی جائے گی۔ ریڈیو پیغام کا یہ منصوبہ گزشتہ سال شارجہ میں بھی متعارف کرایا گیا تھا جو بڑی کامیابی سے کام کر رہا ہے۔ شارجہ میں ریڈیو پیغام کا سلسلہ گزشتہ سال جون میں شارجہ پو لیس کے کمانڈر انچیف میجر جنرل سیف الزاری الشمسی کے احکامات پر شروع کیا گیا تھا۔ اس منصوبے سے ایمرجنسی گاڑیوں کے جائے حادثہ وغیرہ پر جلد از جلد پہنچنے میں خاصی کامیابی حاصل ہوئی اور زخمیوں کو بروقت ہسپتال پہنچا کر ان کی جانیں ضائع ہونے سے بھی بچا لی گئیں۔