Friday, April 26, 2024

دبئی ٹیسٹ کا دوسرا روز  : پاکستان کے 378رنز کے جواب میں انگلینڈ کے3وکٹوں پر 182رنز

دبئی ٹیسٹ کا دوسرا روز  : پاکستان کے 378رنز کے جواب میں انگلینڈ کے3وکٹوں پر 182رنز
October 23, 2015
دبئی(سپورٹس ڈٰیسک)دبئی ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک انگلینڈ نے تین وکٹوں پر ایک سو بیاسی  رنز بنا لیے۔ انگلش کپتان الیسٹر کک اور جو روٹ نے نصف سنچریاں مکمل کیں۔ پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مہمان ٹیم کو ایک سو چھیانوے رنز درکار ہیں۔ تفصیلات کےمطابق انگلش ٹیم نے دوسرے روز کھانے کے وقفے کے بعد بیٹنگ کا آغاز کیا، انگلش ٹیم کی ابتدا اچھی نہ تھی اور چودہ رنز تک پہلی دو وکٹیں گر چکی تھیں، معین علی ایک رن بنا کر وہاب ریاض جبکہ آئن بیل چار رنز بنا کر عمران خان کا شکار ہوئے۔ اس موقع پر جو روٹ انگلش کپتان الیسٹر کک کا ساتھ دینے کے لیے میدان میں آئے۔ دونوں نے اننگز کو سنبھالا دیا اور تیسری وکٹ کی شراکت میں ٹیم کے مجموعی اسکور میں  ایک سو تیرہ رنز کا اضافہ کیا۔ ایک سو ستائیس کے مجموعی سکور پر تیسری وکٹ الیسٹر کک کی گری جو پینسٹھ رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ دن کے اختتام پر جو روٹ  چھہتر اور جونی بیئر اسٹو ستائیس رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ اس سے پہلے پاکستانی ٹیم تین سو اٹھہتر رنز بنا کر آؤٹ ہو ئی پہلے روز پاکستان نے چار وکٹوں کے ساتھ دو سو بیاسی رنز پر کھیل کا اختتام کیا، دوسرے روز مصباح نے ایک سو دو اور اسد شفیق نے چھیالیس رنز کے ساتھ نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔ مصباح اسکور میں مزید اضافہ کئے بغیر آؤٹ ہوئے جبکہ سرفراز بتیس اور وہاب ریاض  چھے رنز بنا سکے،یاسر شاہ نے سولہ  اور  ذوالفقار بابر نے  تین رنز بنائے۔ ایک سو انیسویں اوور میں اسد شفیق گھٹنے پر گیند لگنے سے زخمی ہوئے، طبی امداد کے بعد انہوں نے دوبارہ کریز سنبھالی لیکن صرف تین گیندیں کھیل کر مزید کوئی رن بنائے بغیر پویلین لوٹ گئے، انہوں نے تراسی رنز کی اننگز کھیلی، عمران خان بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔