Tuesday, April 23, 2024

دبئی ٹیسٹ کا تیسرا روز،شاہینوں کی گرفت مضبوط

دبئی ٹیسٹ کا تیسرا روز،شاہینوں کی گرفت مضبوط
October 24, 2015
دبئی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان نے دبئی ٹیسٹ پر گرفت مضبوط  کر لی، تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک گرین کیپس کو انگلینڈ کے خلاف تین سو اٹھاون رنز کی مجموعی برتری حاصل ہے۔ شاہینوں نے  یونس خان اور مصباح الحق کی عمدہ شراکت کی بدولت دوسری اننگز میں تین وکٹوں پر دو سو بائیس رنز بنا لیے ہیں۔ تفصیلات کےمطابق تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر یونس خان اکہتر اور  کپتان مصباح الحق ستاسی رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ دونوں سینئر بلے بازوں نے پہلی تین وکٹیں گرنے کے بعد ذمہ دارانہ انداز سے اننگز کو سنبھالا دیا۔ ان سے پہلے محمد حفیظ نے بھی اکیاون رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ دوسری اننگز میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ تھااوپنر شان مسعود ایک اور شعیب ملک سات رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے انگلش فاسٹ باؤلر جیمز اینڈرسن نے مسلسل چوتھی بار شان مسعود کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس سے پہلے تیسرے دن کا کھیل شروع ہوا تو ایک روز قبل تین وکٹوں پر ایک سو بیاسی رنز بنانے والی انگلینڈ کی ٹیم لڑکھڑا گئی اور اس کے باقی سات کھلاڑی صرف ساٹھ رنز کا اضافہ کر سکے، پوری انگلش ٹیم دو سو بیالیس رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔  انگلینڈ کے آخری چھے  کھلاڑی  مجموعی اسکور میں بس چھتیس رنز ہی کا اضافہ کر سکے،جوز بٹلر اور عادل رشید نے بغیر کھاتا کھولے اپنی  وکٹیں  گنوا دیں۔ پہلے تو وہاب ریاض نے انگلش بیٹنگ لائن میں دراڑ ڈالی  جبکہ رہی سہی کسر یاسر شاہ نے پوری کر دی  وہاب اور یاسر شاہ نے چار چار جبکہ عمران خان نے  دو مہمان بلے بازوں کو ٹھکانے لگایا۔