Wednesday, April 24, 2024

دبئی میں ماسٹرز چیمپئنز لیگ کی لانچنگ، برائن لارا، ایڈم گلکرسٹ، وسیم اکرم اور جیک کیلس جیسے کھلاڑی حصہ لیں گے

دبئی میں ماسٹرز چیمپئنز لیگ  کی لانچنگ، برائن لارا، ایڈم گلکرسٹ، وسیم اکرم اور جیک کیلس جیسے کھلاڑی حصہ لیں گے
June 4, 2015
دبئی (ویب ڈیسک) کرکٹ  کے دیوانوں کےلئے ایک بڑی خوشخبری ہے کہ وہ سابق کرکٹ سٹارز کو ایک بار پھر ایکشن میں دیکھیں گے۔ وسیم اکرم، برائن لارا، ایڈم گلکرسٹ اور جیک کیلس جیسے کھلاڑی آئندہ سال فروری میں شروع ہونے والی ماسٹرز چیمپئنز لیگ کے دوران پھر سے چھکے چوکے لگاتے اور وکٹیں اڑاتے دکھائی دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق دبئی کے برج العرب میں سابق پاکستانی کپتان وسیم اکرم نے ماسٹرز چیمپئنز لیگ کی لانچنگ میں حصہ لیا۔ اس موقع پر ایڈم گلکرسٹ، برائن لارا، کرن مورے، گراہم گوچ اور ڈینی موریسن جیسے سٹارز بھی موجود تھے۔ چیمپئنز لیگ میں چھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ہر ٹیم پندرہ کھلاڑیوں پر مشتمل ہو گی۔ ان ٹیموں کے درمیان فروری دو ہزار سولہ میں مقابلے ہوں گے۔ یہ مقابلے دبئی، شارجہ اور ابوظہبی میں دو ہفتے تک جاری رہیں گے۔ سابق کپتان وسیم اکرم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ چیمپئنز کرکٹ لیگ کے حوالے سے بہت پرجوش ہیں۔ ادھر بھارت کے سچن ٹنڈولکر اور آسٹریلیا کے شین وارن نے بھی سینئرز کرکٹ لیگ کے نام سے ٹورنامنٹ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ چار میچوں پر مشتمل یہ ایونٹ رواں سال اگست میں ہو گا۔