Friday, May 10, 2024

دبئی میں زیرعلاج پرویزمشرف کی صحت مزید خراب، کیمو تھراپی کی گئی

دبئی میں زیرعلاج پرویزمشرف کی صحت مزید خراب، کیمو تھراپی کی گئی
December 24, 2019
 دبئی (92 نیوز) دبئی میں زیرعلاج پرویزمشرف کی صحت مزید خراب ہو گئی۔ اسپتال میں کیمو تھراپی کی گئی۔ سابق صدر چلنے پھرنے سے بھی قاصر ہیں۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے ترجمان کےمطابق خصوصی عدالت کا سزائے موت کا فیصلہ سننے کے بعد سے سابق صدر پرویز مشرف شدید دکھ کا شکار ہیں اور اب وہ چل پھر بھی نہیں سکتے ۔ اُدھرخصوصی عدالت کے فیصلے کےخلاف درخواست کی سماعت کیلئے لاہورہائیکورٹ میں فل بنچ تشکیل دے دیا گیا۔ ہائی کورٹ کا بینچ 9 جنوری کو مشرف کی درخواست پر سماعت کرے گا۔ فل بینچ کی سربراہی جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کریں گے۔ سنگین غداری کیس میں پرویز مشرف کو سزائے موت کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا گیا، فیصلے میں کہا گیا کہ پھانسی سے قبل پرویز مشرف مر جائیں تو ان کی لاش کو ڈی چوک پر لٹکایا جائے ۔ فیصلے میں کہا گیا کہ مشرف نے 2007 میں ایمرجنسی نافذ کی اور آئین توڑا ، ان پر عائد تمام الزامات بغیر کسی شک و شبہے کے ثابت ہوتے ہیں ، مشرف کو حق سے زیادہ شفاف ٹرائل کا موقع دیا ، ملزم کو ہر الزام پر علیحدہ علیحدہ سزائے موت دی جاتی ہے ۔ تین رکنی بینچ کے  سربراہ جسٹس وقار احمد نے فیصلے میں لکھا  کہ پھانسی سے قبل اگر مشرف انتقال کر جاتے ہیں تو انکی لاش کو ڈی چوک لایا جائے اور تین روز تک لٹکائی جائے  ۔ بینچ میں شامل جسٹس شاہد کریم نے  پرویز مشرف کو پھانسی دینے کے فیصلے سے اتفاق کیا لیکن لاش لٹکانے کے فیصلے سے اختلاف کیا۔بینچ کے تیسرے رکن جسٹس نذر نے پرویز مشرف کو بری کیا ، اختلافی نوٹ میں لکھا کہ استغاثہ اپنا کیس ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے ۔ تفصیلی فیصلے میں کہا گیا کہ غداری کیس 2013 میں شروع ہو کر 6 سال بعد ختم ہوا ، پرویز مشرف کو مفرور کرانے  میں ملوث افراد کو قانون کے دائرے میں لایا جائے ،مفرور کرانیوالوں کے خلاف کریمنل اقدام کی تفتیش کی جائے ۔ سکیورٹی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ پرویز مشرف کو گرفتار کریں ،  استغاثہ کے شواہد کے مطابق ملزم مثالی سزا کا مستحق ہے۔