Saturday, April 27, 2024

دبئی اور ابوظہبی میں موسلادھار بارشیں، معمولات زندگی درہم برہم

دبئی اور ابوظہبی میں موسلادھار بارشیں، معمولات زندگی درہم برہم
November 10, 2019
دبئی (92 نیوز) متحدہ عرب امارات پر ماہا کے اثرات پڑنے لگے، دبئی اور ابوظہبی میں موسلادھار بارشوں نے معمولات زندگی درہم برہم کردیئے، سڑکیں زیرآب آگئیں، درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، چھتیں اڑا گئیں، فضائی آپریشن بھی شدید متاثر ہوگیا۔ دبئی میں موسلادھار بارشوں نے نظام زندگی کو درہم برہم کر ڈالا ہے، سڑکیں زیر آب آنے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی، متعدد گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں، خراب موسم کے باعث درجنوں پروازیں بھی معطل کر دی گئیں۔ دبئی میں واقع دنیا کا دوسرا بڑا شاپنگ مال بھی قدرتی آفت سے بچ نہ پایا، دبئی مال کی چھتیں مسلسل بارش کا دباؤ برداشت نہ کرسکیں، جہاں سے پانی فواروں کی طرح ابل پڑا۔ ابوظہبی میں بھی خراب موسم نے لوگوں کو گھروں میں محصور کردیا، تیز رفتار جھکڑوں سے درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، جبکہ کئی عمارتوں کی چھتیں بھی اڑ گئیں۔ شارجہ سمیت متحدہ عرب امارات کے دیگر شہروں میں بھی بادل خوب کھل کر برس رہے ہیں، محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ مزید چند روز تک جاری رہے گا۔