Friday, March 29, 2024

دبئی‘ ابوظہبی اور دیگر خلیجی ریاستیں شدید گرمی کی لپیٹ میں آ سکتی ہیں: سائنسدان

دبئی‘ ابوظہبی اور دیگر خلیجی ریاستیں شدید گرمی کی لپیٹ میں آ سکتی ہیں: سائنسدان
October 31, 2015
لندن (ویب ڈیسک) سائنس دانوں نے پیشگوئی کی ہے کہ اگر فضا میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج موجودہ رفتار سے جاری رہا تو اس صدی کے آخر تک خلیج فارس گرمیوں میں انسان کے رہنے کے قابل نہیں رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق کافی عرصے سے موسمیاتی تبدیلیوں کے انسانوں پر اثرات کی خبریں میڈیا کی زینت بن رہی ہیں لیکن ایک حالیہ مطالعے میں اس تصور کے ایک تاریک پہلو کی منظرکشی کی گئی ہے۔ سائنس دانوں نے ایک تازہ ترین مطالعہ کے بعد کہا ہے کہ فضا میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج اس قدر بڑھ گیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی انسانوں کے مستقبل کے لیے خطرہ بن گئی ہے۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ خلیجی ریاستوں میں جان لیوا گرمی پڑے گی اور اکیسویں صدی میں دبئی، ابو ظہبی جیسے شہروں میں موسم گرما انتہائی شدید ہو سکتا ہے۔ سائنسی تحقیق بین الاقوامی جریدے ”نیچر کلائمٹ چینج“ میں شائع ہوئی ہے۔ سائنسدانوں کا مزید کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے اہم شہر دوحہ سے ایران تک اس صدی کے آخر تک گرمی کی سخت ترین لہر کا تجربہ کر سکتے ہیں جس سے انسانی بقا کو خطرہ ہو سکتا ہے۔