Friday, April 26, 2024

داعش کے قبضے سے رمادی کا قبضہ چھڑانے کیلئے شیعہ ملیشیا کے ہزاروں جنگجو عراق پہنچ گئے، جنگ زدہ شہر سے لوگوں کی نقل مکانی

داعش کے قبضے سے رمادی کا قبضہ چھڑانے کیلئے شیعہ ملیشیا کے ہزاروں جنگجو عراق پہنچ گئے، جنگ زدہ شہر سے لوگوں کی نقل مکانی
May 19, 2015
بغداد (ویب ڈیسک) داعش کے قبضے سے عراقی صوبہ الانبار کے دارالحکومت رمادی کا قبضہ چھڑانے کیلئے شیعہ ملیشیا کے ہزاروں جنگجو رمادی کے نواح میں جمع ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب امریکہ نے بھی اس کارروائی میں عراقی فوج کی مدد کا اعلان کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ داعش کے جنگوﺅں نے گزشتہ اتوار کو رمادی پر قبضہ کر کے عراقی افواج کو پسپائی اختیار کرنے پر مجبور کر دیا تھا۔ عراقی حکومت اب شیعہ ملیشیا کی مدد سے رمادی پر جوابی حملے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ ایک سرکاری اہلکار کے مطابق بڑی تعداد میں لوگ شہر سے نقل مکانی کر رہے ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق داعش کے حملے میں اب تک عام شہریوں سمیت 500 کے قریب لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔ ایران کی حمایت یافتہ شیعہ ملیشیا نے دو ماہ قبل تکریت کو داعش کے قبضے سے چھڑانے میں اہم کردار ادا کیا تھا تاہم شہر میں لوٹ مار اور پرتشدد واقعات کے بعد انہیں علاقے سے باہر بلا لیا گیا تھا۔ اب رمادی کو داعش کے قبضے سے چھڑانے کے لیے عراقی حکومت نے ایک بار پھر شیعہ ملیشیا کی مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ خیال رہے کہ عراقی صوبہ الانبار میں سنّی آبادی اکثریت میں ہےں اور اس کی سرحدیں ایک طرف شام اور دوسری طرف عراقی دارالحکومت بغداد سے جا ملتی ہیں۔