Thursday, April 25, 2024

داعش کا پاکستان میں کوئی سیٹ اپ نہیں ،فاٹا کا صرف ڈیڑھ فیصد حصہ کلیئرہونا باقی ہے  : سکیورٹی ذرائع

داعش کا پاکستان میں کوئی سیٹ اپ نہیں ،فاٹا کا صرف ڈیڑھ فیصد حصہ کلیئرہونا باقی ہے  : سکیورٹی ذرائع
January 2, 2016
  راولپنڈی(92نیوز)سکیورٹی حکام نے واضح کیا ہے کہ پاکستان میں داعش کا اپنا کوئی سیٹ اپ نہیں، مختلف تنظیمیں نام بدل کرکام کررہی ہیں،افغانستان سےدہشت گردوں کےسہولت کارپاکستان آرہے ہیں فاٹا کا صرف ڈیڑھ فیصد حصہ کلیئرہوناباقی ہے۔ تفصیلات کےمطابق سیکیورٹی ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ پاکستان میں داعش کا کوئی سیٹ اپ نہیں بلکہ مختلف تنظیموں نے اپنا نام بدل کر داعش رکھ لیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانیوں کو داعش سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ دہشتگردوں کے ٹھکانے تباہ کر دیے گئے ہیں تاہم وہ افغانستان سے پلاننگ کر کے سہولت کاروں کو پاکستان بھیجنے کی کوشش کرتے ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق قبائلی علاقوں اور خیبر پختونخوا میں سب امن کمیٹیاں ختم کر دی گئی ہیں، قبائلی علاقوں میں امن برقرار رکھنے کی ذمہ داری خود قبائلیوں نے لی ہے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق قبائلی متاثرین کی واپسی کا عمل جاری ہے، شمالی وزیرستان کے ایک لاکھ 6 ہزار اور جنوبی وزیرستان کے 59 ہزار 786 متاثرین واپس جا چکے ہیں جبکہ تمام متاثرین کی واپسی کا عمل اس سال نومبر میں مکمل ہو جائے گا۔ سیکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ فاٹا کے ڈیڑھ فیصد علاقوں کو کلیئر کرنا باقی ہے، جو علاقے کلیئر ہیں وہاں انتظامی امور سول ایڈمنسٹریشن کو منتقل کئے جا رہے ہیں جبکہ فاٹا میں لیویز کو تربیت دی جا رہی ہے۔