Friday, April 19, 2024

دادو کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دل کی یلغار، فصلیں تباہ

دادو کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دل کی یلغار، فصلیں تباہ
June 28, 2020
دادو (92 نیوز) دادو کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دل نے یلغار کردی، ٹڈیوں کے جھنڈ نے فصلوں پر حملہ کرکے تباہی مچا دی ہے، ٹڈیوں کو بھگانے کے لیئے کاشتکار ڈھول اور برتن بجانے میں مصروف دکھائی دے رہے ہیں جبکہ محکمہ زراعت  کا عملہ صورتحال پر قابو پانے میں ناکام نظر آتا ہے۔ سندھ ٹڈی دَل کے حملوں کا شکار ہے۔ دادو میں خطرہ کم نہ ہوا، چھوٹے سے کیڑے کی بڑی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ دادو میں ٹڈی دَل کے حملوں سے فصلوں کو شدید نقصان پہنچ چکا ہے، جس کے باعث کاشتکاروں کا نقصان رکنے کا نام نہیں لے رہا۔ ٹڈیاں بھگانے کیلئے بڑوں کے ساتھ بچے بھی ہاتھوں میں برتن تھامے اور گلے میں ڈھول لٹکائے مارے مارے پھرنے پر مجبور ہیں۔ کاشتکار بھی ٹڈیوں بھگاتے بھگاتے اور لاکھوں روپے نقصان کے بعد مایوس ہوگئے، کہتے ہیں محکمہ زراعت بھی منظرعام سے غائب ہوچکا ہے، جبکہ کروڑوں روپے کے فنڈز بھی کسی کام کے نہیں۔ ٹڈیوں کے متاثرین نے وفاقی اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آپس میں الجھنے کی بجائے ٹڈی دَل کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔