Friday, April 26, 2024

دادو کی تحصیل جوہی میں صاف پانی نا پید

دادو کی تحصیل جوہی میں صاف پانی نا پید
February 23, 2020
 دادو (92 نیوز) دادو کی تحصیل جوہی میں صاف پانی نا پید ہو گیا۔ کہیں ایک نلکا کئی دیہاتوں کا واحد آسرا بن گیا  تو کہیں جوہڑ کسی نعمت سے کم نہیں۔ کراچی سے کچھ فاصلے پر داود کی کئی علاقوں میں لوگ آج بھی پتھر کے دور میں رہتے ہیں جہاں پینے کا صاف پانی صرف قصے کہانیوں میں ملتا ہے ۔ دو ہزار بیس کے جدید دور میں بھی دادو کے سیکڑوں دیہات کے باسی  آج بھی صاف پانی کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں۔ کہیں جوہڑ میں پڑا پانی  جو جانور بھی چھوڑ دیں  کسی نعمت سے کم نہیں  تو کہیں ایک نلکا کئی دیہاتوں کو پانی کی فراہمی کا واحد آسرا ہے ۔ کہیں چلتی نہر سے زندگی بس چلے جا رہی ہے ۔ داود کے علاقے جوہی ، خیر پور ناتھن شاہ اور میہڑ میں پانی کیلئے عوام کو کوسوں کا سفر کرنا پڑتا ہے اور پانی کا معیار  پینے کے کسی بھی معیار پر مشکل سے ہی پورا اترتا ہو گا لیکن غریب عوام کیا کریں زندہ رہنے کے لیے پانی تو پینا ہے ۔ اسی لیے دادو کے باسی وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ سے بس ایک ہی سوال کرتے ہیں سائیں! صاف پانی کا سوال ہے، بس ایسا پانی جو آپ کے ملازم پیتے ہیں ۔ سائیں! اسکول، اسپتال ، پکی سڑک کی بات بعد میں کریں گے اور صرف صاف پانی کا سوال ہے۔