Thursday, March 28, 2024

دادو کی 11 سالہ معصوم گل سماء کے مبینہ سنگساری پر میڈیکل بورڈ تشکیل

دادو کی 11 سالہ معصوم گل سماء کے مبینہ سنگساری پر میڈیکل بورڈ تشکیل
December 3, 2019
 دادو (92 نیوز) دادو کی 11 سالہ معصوم گل سماء کے مبینہ سنگساری کیس میں اہم پیشرفت ہو گئی، میڈیکل بورڈ تشکیل دیدیا گیا۔ عدالتی ٹیم کی نگرانی میں چار دسمبر کو بچی کی قبر کشائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پوسٹ مارٹم بھی کیا جائے گا۔ ادھر کمشنر اور ڈی آئی جی حیدرآباد نے علاقے کا دورہ کیا اور مکینوں سے پوچھ گچھ کی۔ ڈی آئی جی حیدر آباد نعیم شیخ نے کہا معاملہ نہایت حساس ہے، قبر کشائی کے بعد حقائق بے نقاب ہوں گے۔ دوسری طرف وزیر اطلاعات سعید غنی نے سندھ اسمبلی میں انکشاف کیا کہ گل سماء کیس کا میڈٰیا سے معلوم ہوا، سنگسار کرنے کے ٹھوس شواہد نہیں ملے، جو ممکن ہے، وہ کر رہے ہیں۔ ادھر دادو پولیس تاحال کیس میں نامزد ملزمان کو گرفتار کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ دادو کی تحصیل جوہی میں غیرت کے نام پر گیارہ سالہ گل سماء رند مبینہ طور پر بیدردی سے سنگسار کر دی گئی تھی۔ والد علی بخش رند اور والدہ لیلی رند گرفتار کر لیئے گئے تھے جبکہ دیگر ملزمان تاحال گرفت میں نہ آسکے۔ بچی کا جنازہ پڑھانے والے مولوی ممتاز لغاری کا بیان بھی سامنے آگیا تھا جس کا کہنا تھا بچی کا والد مجھے جنازے کیلئے واہی پاندھی لایا، صبح آٹھ بجے جنازہ پڑھا کر گھر لوٹ گیا، کفن پر خون کے نشان نہیں تھے۔ مولوی ممتاز کا کہنا تھا کہ جنازہ سے قبل پوچھا بچی بالغ ہے یا نہیں، بچی کے والد نے بتایا کہ نابالغ ہے۔ دوسری جانب دادو پولیس سات ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرچکی ہے۔ ڈی ایس پی جوہی کو تفتیشی افسر مقرر کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی دادو ڈاکٹر فرخ رضا نے کہا کیس کی مختلف زاویوں سے تفتیش کی جارہی ہے، حقائق جلد سامنے آئیں گے۔