Friday, March 29, 2024

داتا گنج بخش کے مزار کو غسل دیدیا گیا

داتا گنج بخش کے مزار کو غسل دیدیا گیا
October 23, 2015
لاہور(92نیوز)حضرت علی بن عثمان الہجویری،المعروف حضرت داتا گنج بخش رحمت اللہ علیہ کے مزار کو غسل مبارک دے دیا گیا،روح پرور تقریب میں ملک کی نامور سیاسی ،سماجی،اور کاروباری شخصیات سمیت عقید ت مندوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی ۔ تفصیلات کےمطابق المخدوم السید، الشیخ ابوا لحسن علی بن عثمان الہجویری ، المعروف حضرت داتا گنج بخش رحمت اللہ علیہ کے972 ویں سالانہ غسل مبارک کی تقریب میں مزار کو غسل دیا گیا۔ غسل مبارک کی تقریب میں وزیر اوقاف و مذہبی امور محمد عطاءمانیکا،وزیر خوراک بلال یاسین،محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے وزیر میاں مجتبی شجاع الرحمن،سیکرٹری اوقاف نیئر اقبال،ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری ،وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے بیٹے حسنین ڈار،عزیز الرحمان چن ،کرکٹر جاوید میاں داد ،بھارت سے آئے مہمان سید بلال حسین چشتی ،سابق سی سی پی او لاہور اسلم ترین  قاری سید صداقت علی عبدالرزاق جامی نعت خواں مرغوب احمد ہمدانی سمیت دنیا بھر سے آنے والے عقیدت مندوں نے شرکت کی ،روح پرور تقریب کا آغازتلاوت قرآن پاک سے کیا گیاجبکہ غسل مبارک کے موقع پر فضا درود سلام کے ورد سے گونجتی رہی۔ اس مبارک موقع پر دربار تشریف لانے والے عقیدت مندوں نے کہا کہ داتا گنج بخش کے مزار پر آنے سے ایمان تازہ ہو جاتا ہے اور دل کو سکون ملتا ہے مزار کے غسل مبارک کے بعددودھ اور لنگر تقسیم کیا گیا جبکہ امت مسلمہ کی خوشحالی ملک کی ترقی اور امن و امان کیلئے خصوصی دعا بھی کروائی گئی ،غسل مبارک کے موقع پر دربار اور اس کے اردگرد سکیورٹی کے فول پروف ا نتظامات کئے گئے تھے۔