Saturday, April 20, 2024

داتا دربار سے تحریک انصاف کا قافلہ پیدل اسلام آباد روانہ

داتا دربار سے تحریک انصاف کا قافلہ پیدل اسلام آباد روانہ
October 27, 2016
لاہور (92نیوز) پاکستان تحریک انصاف کا اسلام آباد لاک ڈاون کرنے کے حوالے سے ہراول دستہ پیدل لاہور سے چل پڑا۔ اعجاز چودھری کا کہنا ہے یہ قافلہ مظلوم اور پسے ہوئے طبقے کی نمائندگی کے لیے اسلام آباد روانہ ہو رہا ہے۔ حقوق لے کر ہی واپس آئیں گے۔ تفصیلات کے مطابق داتا دربار سے روانہ ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے قافلے کی قیادت سابق صدر لاہور شبیر سیال کر رہے ہیں۔ لاہور سے روانہ ہونے والے پچیس رکنی قافلے میں راستے سے مزید کارکن بھی شامل ہوتے جائیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعجاز چودھری نے کہا وہ کسی پکڑدھکڑ سے نہیں ڈرتے۔ کارکن اسلام آباد پہنچ کر رہیں گے جبکہ شبیرسیال کا کہنا تھا پیدل جانے کا مقصد عوام میں کرپشن کے خلاف آگاہی اور شعور پیدا کرنا ہے۔ پیدل جانے والے قافلے میں شامل کارکنوں کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے کپتان کی کال پر اسلام آباد پہنچ کر ہی دم لیں گے جبکہ خواتین کارکن بھی قافلے کو رخصت کرنے کے لیے داتادربار پر موجود تھیں۔ تحریک انصاف کا پیدل روانہ ہونے والا قافلہ کامونکی، وزیرآباد، گجرات، جہلم، مندرہ اور سوہاوہ میں قیام کرتا ہوا دو تاریخ کو اسلام آباد پہنچے گا جہاں مرکزی قیادت اس کا استقبال کرے گی۔