Saturday, April 20, 2024

خیبرپختونخواخواتین ٹی 20 سپرلیگ،اسلام آباد بلاسٹرزکو کوئٹہ فائٹرزسے شکست

خیبرپختونخواخواتین ٹی 20 سپرلیگ،اسلام آباد بلاسٹرزکو کوئٹہ فائٹرزسے شکست
October 31, 2018
پشاور ( 92 نیوز ) پشاور کے ارباب نیازکرکٹ اسٹیڈیم میں جاری پہلی خیبرپختونخوا خواتین ٹی 20 سپرلیگ میں کوئٹہ فائٹرز نے میدان مار لیا۔ خواتین کرکٹرز کے چھکوں  چوکوں سے میدان میں بہار آگئی۔ ٹورنامنٹ کے دوسرے روز تین میچز کھیلے گئے۔ پہلے خیبرپختونخوا خواتین ٹی 20 سپرلیگ کے دوسرے روز کوئٹہ فائٹرز کی خواتین کرکٹرز نے بہترین فائٹ کی اور اسلام آباد بلاسٹرز کو شکست دے کر اپنی فتوحات کا آغاز کیا۔ اسلام آباد بلاسٹرنے پہلے کھیلتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر صرف 70 رنز کا ٹارگٹ دیا، کوئٹہ کی ٹیم نے ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 12 اوورز میں ہی پورا کردیا۔ پشاور میں ہونے والی پہلی خواتین کرکٹ سپرلیگ پرکھلاڑیوں نے نہ صرف خوشی کا اظہارکیا بلکہ اسے خیبرپختونخوا میں خواتین کی کرکٹ کے فروغ کا بہترین ذریعہ بھی قرار دیا۔ خواتین کرکٹ لیگ میں ملک بھر سے آٹھ ٹیمیں کوئٹہ فائٹرز، پیخور پیغلے، اسلام آباد بلاسٹر، فاٹا اسٹرئیکر، کراچی کوئنز، راولپنڈی ہٹرز، راولپنڈی ایجنلز اور کشمیری سٹارز کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔