Friday, March 29, 2024

خیبرپختونخوا کے تمام سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز کھل گئیں ‏

خیبرپختونخوا کے تمام سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز کھل گئیں ‏
May 22, 2019
پشاور ( 92 نیوز) خیبرپختونخوا کے تمام سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز کھل گئیں۔ خیبرپختونخوا کے شہریوں کیلئے اچھی خبر  ہے کہ  حکومت سے مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد ڈاکٹرز کی ہڑتال ختم ہو گئی اور تمام سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز کھل گئیں ، تنازعات کے حل کیلئے فریقین کا دو کمیٹیاں بنانے پر اتفاق بھی ہوا۔ خیبرٹیچنگ اسپتال میں وزیرصحت کے گارڈ کے ہاتھوں ڈاکٹر پر تشدد کے واقعہ کے بعد شروع ہونے والا ڈاکٹروں کا احتجاج کا ڈراپ سین ہوگیا ، وزیراعلٰی محمود خان ہڑتالی ڈاکٹروں کے 17 رکنی کمیٹی کو ہڑتال ختم کرنے پرقائل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ ہڑتالی ڈاکٹرز ریجنل اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز کے قیام اور ڈاکٹرضیاء الدین پر تشدد کے واقعہ کی انکوائری کےلئے دو الگ الگ کمیٹیاں بنانے پر متفق ہوگئے۔ وزیراعلٰی ہاؤس میں ہونے والے مذاکرات میں وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی، وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی سیکریٹری صحت اور دیگر اعلٰی حکام بھی موجود تھے۔ مذاکرات کی کامیابی کے بعد ڈاکٹروں نے ہڑتال ختم کردی۔ پشاور کے تینوں بڑے اسپتالوں میں ڈاکٹرز ڈیوٹی پر آگئے۔ گزشتہ سات روز سے جاری ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث علاج کے لئے آنے والے اسپتالوں میں علاج کے لئے خوار ہوتے رہے۔