Sunday, May 12, 2024

خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں دریا ، ندی نالے بپھر گئے

خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں دریا ، ندی نالے بپھر گئے
September 1, 2020

پشاور ( 92 نیوز) خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں جاری بارش کے باعث ندی نالے اور دریاء بپھرگئے۔ ضلع سوات میں میں چھ رابطہ پل دریاء برد ہوگئے۔ سوات بشام روڈ رانیال کے مقام پر سیلابی ریلے میں بہہ گیا۔ دندئی شانگلہ میں دیوار گرنے سے دو بچے جاں بحق، سوات چارباغ میں مکان کی چھت گرنے سے دو بچے زخمی ہوگئے۔

خیبرپختونخوا میں بالائی اضلاع میں دوسرے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کے باعث ضلع سوات میں مینگورہ سمیت مختلف علاقوں میں تیز بارش کے باعث ندی نالے اور دریاء بپھرگئے ہیں۔ مالم جبہ، مہوڈنڈ اور مدین میں تیز بارش کے باعث مختلف علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ مدین اور بیلہ کو ملانے والے رابطہ پل کے علاوہ ضلع میں چھ رابطہ پل دریاء برد ہوگئے۔

بشیگرام اور بیلہ گاؤں میں گھر خالی کرالئے گئے ہیں اور مکین محفوظ مقام پر منتقل ہوگئے۔ مدین جھیل کے مقام پر واقع ٹرائوٹ مچھلی کی ہیچری بھی سیلاب کی نذر ہوگئی، دندئی ضلع شانگلہ میں مکان کی دیوار گرنے سے دو بچے جاں بحق جبکہ مسلسل بارش سے چارباغ سوات میں مکان کی چھت گرنے سے دو بچے زخمی ہوگئے۔ ضلع شانگلہ میں بارش کے باعث دریاء میں طغیانی کے باعث سوات بشام روڈ رانیال کے مقام پر دریاء برد ہوگیا۔ سڑک پر ٹریفک معطل ہوگئی۔

ضلع دیر بالا میں جاری بارش کے باعث موسم سرد ہوگیا۔ بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ سے شرینگل کمراٹ سڑک ٹریفک کےلئے بند ہوگئی۔