Monday, May 13, 2024

خیبرپختونخوا کی تاریخ میں پہلی بار آئس ہاکی کے مقابلوں کا انعقاد

خیبرپختونخوا کی تاریخ میں پہلی بار آئس ہاکی کے مقابلوں کا انعقاد
January 19, 2020
پشاور ( 92 نیوز) خیبرپختونخوا کی تاریخ میں پہلی بار آئس ہاکی کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا، برف سے ڈھکی سوات کی خوبصورت وادی مالم جبہ میں 5 میچز پر مشتمل آئس ہاکی ٹورنامنٹ کھیلا گیا، چیمپئن  شپ کا مقصد مالم جبہ اور دیگر برف پوش علاقوں میں سرمائی کھیلوں کو فروغ دینا تھا۔ مالم جبہ نے برف کی چادر اوڑھی تو ایڈونچر ٹورزم کی جانب سے وادی میں سنو فیسٹیول منعقد ہوا، میلے میں دیگر سرمائی کھیلوں کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخوا میں پہلی بار آئس ہاکی کے بھی مقابلے ہوئے۔ مقابلوں میں 2 ٹیموں گلیڈیئیٹرز اور میجیشنز کے مابین 5 میچز کھیلے گئے۔ منتظمین کے مطابق مالم جبہ کے علاوہ سوات کے علاقے کالام اور چترال کے علاقے مدک لشت میں بھی آئس ہاکی کے ٹورنامنٹ منعقد کئے جائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کی سرگرمیوں کا مقصد پاکستان میں سرمائی کھیلوں کو فروغ دینا ہے۔ آئس ہاکی کے لئے مقامی کھلاڑیوں کو خصوصی تربیت دی گئی۔ چیمپئن  شپ سے جہاں مالم جبہ میں آئس ہاکی کو فروغ ملے گا اور بین الاقوامی کھلاڑیوں اور سیاحوں کو وادی کی جانب راغب کیا جا سکے گا وہاں مقامی سطح پر آئس ہاکی کے کھیل کو بھی پذیرائی ملے گی۔