Friday, April 19, 2024

خیبرپختونخوا کو بجلی منافع کے 51 ارب روپے کی ادائیگی نیپرا کیلئے دردسر بن گئی

خیبرپختونخوا کو بجلی منافع کے 51 ارب روپے کی ادائیگی نیپرا کیلئے دردسر بن گئی
May 5, 2016
اسلام آباد (92نیوز) خیبرپختونخوا کو پن بجلی کا منافع ملے گا یا نہیں؟ نیپرا نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔ منافع دینا پڑا تو رقم کہاں سے آئے گی اور 51 ارب روپے کا بوجھ کون اٹھائے گا۔ تفصیلات کے مطابق واپڈا نے نیپرا سے درخواست کی تھی کہ خیبرپختونخوا کو بجلی کے خالص منافع کے بقایا جات دینے کے لیے پن بجلی کی قیمت میں ایک روپے 58 پیسے اضافہ کیا جائے تاکہ کے پی کے کو بجلی کے خالص منافع 51 ارب روپے کی رقم صارفین سے وصول کی جا سکے۔ واپڈا نے سماعت کے دوران نیپرا اتھارٹی کو بتایا کہ مشترکہ مفادات کونسل کی ہدایت پر کے پی کے کو 2017ءتک 51 ارب روپے ادا کرنے ہیں اس کے لیے 25 ارب روپے کا قرض لینا پڑے گا جس پر سود کی رقم 1 ارب87 کروڑ روپے بنتی ہے۔ اپٹما کے نمائندے نے واپڈا کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ نیپرا نے درخواست قبول کر لی تو صنعتی صارفین پر 40 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا اور ایک نیا پنڈورا پکس بھی کھل جائے گا۔ ہر کمپنی اپنے پچھلے حسابات چکتا کرنے کے لیے میدان میں آجائے گی۔ اتھارٹی کے استفسار پر نیپرا حکام کا کہنا تھا کہ واپڈا کی درخواست منظور ہونے سے بجلی کے صارفین کو ایک سال تک 55 پیسے فی یونٹ اضافی ادا کرنے پڑیں گے۔ اب آگے کیا ہو گا یہ تو فیصلہ آنے پر ہی پتہ چلے گا۔