Tuesday, May 21, 2024

خیبرپختونخوا کابینہ میں بڑے پیمانے پر رد و بدل و توسیع

خیبرپختونخوا کابینہ میں بڑے پیمانے پر رد و بدل و توسیع
January 4, 2020
پشاور ( 92 نیوز) خیبرپختونخوا کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل اور توسیع کردی گئی، ضم ہونے والے قبائلی اضلاع کو تاریخ میں پہلی بار صوبائی کابینہ میں نمائندگی مل گئی، کابینہ میں شامل چار صوبائی وزراء کے محکمے تبدیل کردیے گئے۔ 92 نیوز نے 29 نومبر کو ہی کابینہ میں توسیع اور ردوبدل کی خبر دی تھی۔ خیبرپختونخوا کابینہ میں رد و بدل اور توسیع کا معاملہ بالآخر طے پایا گیا ، کابینہ میں رد وبدل اور توسیع کے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق کابینہ میں قبائلی اضلاع کو بھی نمائندگی دی گئی ہے۔ شمالی وزیرستان کے اقبال وزیر کو محکمہ ریلیف کا قلمدان سونپ دیا گیا ہے، اورکزئی سےغزن جمال معاون خصوصی ہوں گے۔ بنوں سے شاہ محمد وزیرٹرانسپورٹ ہوں گے۔ کابینہ میں شامل چار موجودہ وزراء کے قلمدان تبدیل کر دیے گئے ۔ وزیربلدیات شہرام ترکئی کو صحت، وزیرصحت ہشام انعام اللہ کو سماجی بہبود، سی اینڈ ڈبلیو کے وزیر اکبرایوب کو تعلیم اور معدنیات کے وزیرامجدعلی خان کو ہائوسنگ کا محکمہ دے دیا گیا۔ مشیرتعلیم ضیاء اللہ بنگش کا قلمدان تبدیل کرکے مشیرآئی ٹی کا قلمدان دے دیا گیا۔ معاون خصوصی کامران بنگش محکمہ بلدیات کےمعاون خصوصی مقرر کر دیے گئے۔ نوشہرہ سے خلیق الرحمان مشیر جبکہ چارسدہ سے عارف احمد زئی، دیر سے شفیع اللہ، بونیر سے ریاض خان، ہنگوسے ظہورشاکر،چترال سے پی ٹی آئی کے اقلیتی رکن وزیرزادہ، مانسہرہ سے احمد حسین شاہ معاونین خصوصی ہوں گے ، کابینہ میں کسی خاتون رکن کو شامل نہیں کیا گیا۔