Saturday, April 27, 2024

خیبرپختونخوا کابینہ میں 2 نئے وزرا کا اضافہ، کئی کے قلمدان تبدیل

خیبرپختونخوا کابینہ میں 2 نئے وزرا کا اضافہ، کئی کے قلمدان تبدیل
September 18, 2020
پشاور (92 نیوز) خیبر پختونخوا کابینہ میں شامل ہونے والے 2 نئے وزراء شہرام ترکئی اور انور زیب کو قلمدان تفویض کر دیے گئے جبکہ 5 کے قلمدان تبدیل کر دئیے گئے۔ چند ماہ قبل کابینہ سے نکالے جانے والے وزیر شہرام ترکئی کو ایک بار پھر اپنی پسند کا قلمدان مل گیا، انہیں ابتدائی و ثانوی تعلیم کا وزیر بنا دیا گیا، یہ قلمدان اکبر ایوب سے لے لیا گیا جنہیں وزیر بلدیات بنا دیا گیا۔ محکمہ بلدیات کا محکمہ  خیبر پختونخوا کے ترجمان کامران بنگش سے لے لیا گیا جنہیں اطلاعات سمیت اب ہائر ایجوکیشن کا محکمہ بھی دے دیا گیا ہے۔ ہائر ایجوکیشن کا محکمہ مشیر وزیر اعلٰی خلیق الرحمان سے لے لیا گیا جنہیں محکمہ خوراک کا قلمدان سونپا گیا۔ محکمہ خوراک کا قلمدان اب تک قلندر لودھی کے پاس تھا تاہم گندم اور آٹے کے پے درپے بحران اور روٹی کی قیمتوں میں اضافے اور وزن میں کمی جیسے معاملات سامنے آئے تو یہ محکمہ واپس لے کر انہیں محکمہ مال کا وزیر بنا دیا گیا، محکمہ مال سابق وزیر شکیل  احمد کو فارغ کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ کے پاس تھا۔ معاون خصوصی ریاض خان سے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کا محکمہ واپس لے کرانہیں سی اینڈ ڈبلیو کا محکمہ دے دیا گیا، قبائلی ضلع سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی انور زیب کو وزیر تو بنا دیا گیا تاہم انہیں مکمل محکمہ دینے کی بجائے صرف عشر و زکواۃ کا قلمدان سونپا گیا ہے۔ اس محکمہ کے ساتھ جڑا اوقاف، حج اور مذہبی امور کا محکمہ بدستور معاون خصوصی ظہور شاکر کے پاس رہے گا۔ کابینہ سے ہٹائے گئے عاطف خان اور شکیل احمد کا فیصلہ تا حال نہ ہو سکا۔