Wednesday, April 24, 2024

خیبرپختونخوا کا نو سو ارب روپے کا فاضل بجٹ پیش کر دیا گیا

خیبرپختونخوا کا نو سو ارب روپے کا فاضل بجٹ پیش کر دیا گیا
June 18, 2019
 پشاور (92 نیوز) مالی سال 2019-20  کے لئے خیبرپختونخوا کا نو سو ارب روپے کا فاضل بجٹ پیش کردیا گیا۔ بجٹ میں ترقیاتی پروگرام کے لئے دو سو چھتیس ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ خیبرپختونخوا اسمبلی میں وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نئےمالی سال کا بجٹ پیش کرنے آئے تو اپوزیشن نے بجٹ تقریر شروع ہوتے ہی ہنگامہ آرائی شروع کردی۔ بینر اٹھائے اپوزیشن ارکان نے بجٹ کی کاپیاں پھاڑ ڈالیں اور نعرے بازی کرتے ایوان سے واک آئوٹ کر گئے۔ وزیر خزانہ نے بجٹ تقریر جاری رکھتے ہوئے ایوان کو بتایا کہ بجٹ کا کل حجم  نوسو ارب روپ ہے۔ پن بجلی کے خالص منافع سے 21 ارب روپے سے زائد جبکہ 34 ارب روپے سے زائد بقایاجات سے ملیں گے۔ تیمور سلیم کا کہنا تھا 236 ارب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں 154 ارب روپے صوبے کے وسائل ، 82 ارب بیرونی امداد شامل ہے۔ گریڈ ایک سے سولہ تک سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں اور پنشن میں دس فیصد اضافہ کیا گیا۔ گریڈ سترہ سے انیس تک کو 5 فیصدایڈہاک الائونس دیا جائے گا۔ بجٹ میں کم از کم ماہانہ اجرت کو 15 ہزار روپے سے بڑھا کر 17,500 روپے کر دیا گیا۔ وزیر خزانہ تیمور سلیم بولے بجٹ میں قبائلی اضلاع کے لئے 162 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے۔ دستاویز سالانہ ترقیاتی پروگرام میں صحت سہولت اسکیم کےلئے 6 ارب روپے، صحت کا بجٹ 46 ارب سے بڑھا کر 55 ارب کردیا گیا۔ پولیس کے لئے 48 ارب ، مقامی حکومتوں کے لئے 46 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے۔ سیاحت کے فروغ  کے لیے 17 ارب روپے رکھنے کی تجویزہے۔ بجٹ تقریر میں بتایا گیا کہ تمام حکومتی اداروں کی محنت سے 95 ارب روپے کی اضافی رقم دستیاب ہوئی۔ ملازمین کی ریٹائرمنٹ عمر کی حد 63 سال تک بڑھانے سے سالانہ 20 ارب بچت روپے بچت ہو گی۔