Thursday, April 18, 2024

خیبرپختونخوا کا 923 ارب روپے کا ٹیکس فری بجٹ پیش کردیا گیا

خیبرپختونخوا کا 923 ارب روپے کا ٹیکس فری بجٹ پیش کردیا گیا
June 20, 2020
پشاور (92 نیوز) مالی سال 2020-21 کے لئے خیبرپختونخوا کا 923 ارب روپے کا ٹیکس فری بجٹ پیش کردیا گیا۔ صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کو وفاق کے مختص شدہ حصے سے چار سو پانچ ارب روپے موصول ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کو ضم شدہ قبائلی اضلاع میں ترقی کے لئے وفاقی حکومت سے 161 ارب روپے حاصل ہوں گے۔ تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا تھا کہ صوبے کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کیلئے وفاقی حکومت سے 6 ارب روپے بھی حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پن بجلی کے مجموعی منافع کے طور پر صوبے کو اٹھاون ارب تیس کروڑ روپے جبکہ تیل اور گیس کی رائلٹی کی مد میں وفاقی حکومت کی طرف سے چوبیس ارب روپے سے زائد بھی مہیا کئے جائینگے۔ صوبائی وزیر خزانہ بولے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے ممکنہ اخراجات کے لئے 24 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے تعلیم کے فروغ کیلئے ایک سو باون ارب روپے جبکہ صحت کے نظام کی بہتری کیلئے ایک سو چوبیس ارب روپے مختص کئے ہیں۔ صوبے کے عوام کو صحت انصاف کارڈز کی فراہمی کیلئے 10 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے۔