Sunday, September 8, 2024

خیبرپختونخوا: پچھلے چوبیس گھنٹے کی بارشوں کے بعد چھتیں گرنے سے آٹھ افراد ہلاک، بعض مقامات پر ہلکی بارش کا امکان

خیبرپختونخوا: پچھلے چوبیس گھنٹے کی بارشوں کے بعد چھتیں گرنے سے آٹھ افراد ہلاک، بعض مقامات پر ہلکی بارش کا امکان
August 22, 2015
خیبرپختونخوا (نائنٹی ٹو نیوز) خیبرپختونخوا کے علاقوں  چارسدہ اور قبائلی علاقہ جمرود میں ہلاکتوں اور تباہی کا سبب بننے والی بارش کا سلسلہ بارہ گھنٹے کیلئے تھم گیا۔ اگلے بارہ  گھنٹے میں صوبے کے اکثر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا۔ محکمہ  موسمیات کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹے میں تباہی پھیلانے والا بارش کا سلسلہ رک گیا ہے اور آئندہ بارہ گھنٹے میں صوبے کے اکثر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ پشاور، مردان، مالاکنڈ، ہزارہ اور کوہاٹ ڈویژن کے  بعض علاقوں میں بادل چھائے رہیں گے اور بارش کا امکان ہے۔ صوبے میں پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران پشاور میں سب سے زیادہ بارش پشاور ائیرپورٹ پر باسٹھ ملی میٹر اور پشاور سٹی میں چون ملی میٹرریکارڈ کی گئی۔ بنوں میں اکتیس، ڈی آئی خان میں ستائیس، چراٹ میں اٹھارہ، دیربالا میں سترہ، کوہاٹ میں چودہ، مالم جبہ میں تیرہ، کاکول میں دس، رسالپور میں چھے، سیدو شریف میں چار اور دیر پائین میں دو ملی میٹر بارش ہوئی۔ بارش سے سب سے ذیادہ تباہی چارسدہ میں ہوئی اور چھتیں گرنے کے واقعات میں ایک ہی خاندان کے تین افراد سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوئے جبکہ جمرود میں چھت گرنے سے تین بچے جاں بحق ہوئے۔ پشاور میں آندھی، طوفان اور موسلادھار بارش کی وجہ سے بجلی کی فراہمی اور ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوا ہے۔