Saturday, April 20, 2024

خیبرپختونخوا نے بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ اور لواری ٹنل بند کردی

خیبرپختونخوا نے بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ اور لواری ٹنل بند کردی
March 23, 2020

پشاور ( 92 نیوز) خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے لڑنے کےلئے حفاظتی اقدامات کے تحت بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ اور لواری ٹنل بند کردی گئی ،  پشاور سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں بازار اور بڑے شاپنگ مالز بند ہیں، پشاورکے علاقہ سفید ڈھیری اور حیات آباد میں کورونا وائرس کیسز کے باعث لاک ڈاؤن جاری ہے، تفتان سے 132 زائرین آج پشاورمنتقل کئے جائیں گے۔

کرونا سے ڈرنا نہیں لڑنا  ہے  ، اسی عزم کے ساتھ خیبرپختونخوا میں جاری احتیاطی و حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد جاری ہے۔ شہریوں کی ایک سے دوسرے ضلع منتقلی روکنے کےلئے سات دن کےلئے ٹرانسپورٹ بند کردی گئی۔

 پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے سات ڈارئیورز کو گرفتارکرلیا گیا ،  چترال کو ملک سے ملانے والی لواری ٹنل کو بھی مال بردار گاڑیوں کے علاوہ دیگر گاڑیوں کےلئے بند کردیا گیا ہے۔

پشاورمیں مارکیٹیں اور شاپنگ مالز بند ہیں جس کے باعث  سڑکیں سنسان ہیں، شہر میں صرف اشیاء خور ونوش اور ادویات کی دکانیں کھلی ہیں۔ کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد پشاور کی سفید ڈھیری اور حیات آباد میں محدود علاقے کا لاک ڈاؤون بھی جاری ہے۔

ریسکیو 1122 نے پشاور میں جراثیم کش سپرے شروع کردیا ہے،ضلعی انتظامیہ پشاور کے مطابق تفتان سے آج ایک سو بتیس زائرین کو پہلی بار پشاور لایا جائے گا جنہیں قرنطینہ میں رکھنے کےلئے ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل انسٹیٹیوٹ دوران پور میں انتظامات کئے گئے ہیں۔