Friday, April 19, 2024

خیبرپختونخوا نے 50 سال سے زائد عمر کے سرکاری ملازمین، حاملہ خواتین کو چھٹی دیدی

خیبرپختونخوا نے 50 سال سے زائد عمر کے سرکاری ملازمین، حاملہ خواتین کو چھٹی دیدی
March 17, 2020

پشاور ( 92 نیوز) کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر خیبرپختونخوا  حکومت نے صوبے میں تمام سرکاری دفاتر بند کرنے کی تجویز پر غور شروع کردیا۔ 50 سال سے زائد عمر کے سرکاری ملازمین، حاملہ خواتین اور دیگر بیماریوں میں مبتلا ملازمین کو چھٹی دے دی گئی۔

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے اقدامات مزید سخت کر دیے ، مشیراطلاعات اجمل وزیر نے پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ صوبائی حکومت نے 50 سال سے زائد عمر کے ملازمین،حاملہ خواتین اور دیگر بیماریوں میں مبتلا ملازمین کو 15 دن کی چھٹی دے دی ہے،پولیس کے تمام تربیتی سنٹربند کر دیئے گئے ہیں۔ مشیراطلاعات کے مطابق صوبے کے سرکاری دفاتر بند کرنے کی تجویز بھی زیرغور ہے۔

اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ تفتان سے آج مزید 225 زائرین ڈیرہ اسماعیل خان پہنچ رہے ہیں جنہیں گومل میڈیکل کالج میں قائم قرنطینہ میں رکھا جائےگا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں ایک ہزار بستروں پر مشتمل قرنطینہ بنائے گئے ہیں۔

مشیراطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت کرونا وائرس کی روک تھام کے لئے مزید سخت اقدامات کرے گی عوام حکومت کا ساتھ دے۔