Thursday, April 25, 2024

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس پھر سے سر اٹھانے لگا

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس پھر سے سر اٹھانے لگا
November 2, 2020

پشاور(92 نیوز) خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس پھر سے سر اٹھانے لگا ہے، صوبائی دارالحکومت پشاور کے بڑے مرکز صحت خیبر ٹیچنگ اسپتال کے ایک وارڈ میں 12 ڈاکٹروں سمیت عملے کے 16 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر وارڈ کو بند کر دیا گیا ہے۔

پشاور میں خیبر ٹیچنگ اسپتال کے سرجیکل بی وارڈ میں 13 ڈاکٹروں، 3 نرسوں اور ایک اردلی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تو وارڈ کو بند کر دیا گیا۔ وارڈ میں موجود مریضوں کو دیگر وارڈز میں منتقل کر دیا گیا جبکہ متاثرہ وارڈ سے متصل نیوروجی وارڈ کے عملے کا بھی کورونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

شہر کے سرکاری اسپتالوں میں کورونا مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں 26، خیبر ٹیچنگ اسپتال میں 19 جبکہ لیڈی ریڈنگ اسپتال میں کورونا کے 3 مریض زیر علاج ہیں۔

 کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر صوبے کے سب سے بڑے مرکز صحت میں کورونا کمپلکیس دوبارہ کھول دیا جائے گا۔

صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی کورونا کیسز بڑھنے لگے ہیں، ستمبر میں 5 اموات کے مقابلے میں اکتوبر کے مہینے میں صوبے میں کورونا کے باعث 17 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ کورونا کے 1719 نئے مریض سامنے آ گئے، ماہ ستمبر میں 1546 افراد کورونا سے متاثر ہوئے تھے۔