Saturday, April 20, 2024

خیبرپختونخوا میں کورونا نے ایک ہی دن میں 33 افراد کی جان لے لی

خیبرپختونخوا میں کورونا نے ایک ہی دن میں 33 افراد کی جان لے لی
April 10, 2021

پشاور (92 نیوز) خیبرپختونخوا میں کورونا نے ایک ہی دن میں 33 افراد کی جان لے لی۔ مثبت کیسز کی شرح 13.4 فیصد تک پہنچ گئی۔ مردان میں مثبت کیسز کی شرح 37 فیصد تک جا پہنچی۔ سوات میں 35 فیصد اور پشاور میں 31 فیصدریکارڈ کی گئی۔

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے وار شدت اختیار کر گئے۔ محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق صوبے میں ایک ہی دن 33 افراد کورونا کے باعث جاں بحق ہوئے۔ ایک ہزار 190 نئے کیسز کے ساتھ صوبے میں مثبت کیسز کی شرح 13.4 فیصد تک پہنچ گئی۔

سب سے زیادہ مثبت کیسز کی شرح مردان میں 37 فیصد رہی، سوات میں 35 فیصد اورپشاور میں 31 فیصد جبکہ نوشہرہ اور بونیر میں مثبت کیسز کی شرح 28 فیصد رہی
گو ہفتے اور اتوار کے روز مارکیٹیں اور دکانیں بند رہتی ہیں مگر لوکل ٹرانسپورٹ اور زیادہ رش والی جگہوں پر کورونا ایس او پیز کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔

پشاورکے تین بڑے اسپتالوں پر دبائو بڑھتا جارہا ہے۔ لیڈی ریڈنگ اسپتال میں کورونا مریضوں کی تعداد 303 تک پہنچ گئی، اسپتال کے آئی سی یو میں 22 مریض زیرعلاج ہیں۔ حیات آباد میڈیکل کمپلکس میں 178 میں 148 بیڈز پر کورونا کےمریض زیرعلاج ہیں جبکہ 38 میں سے 28 وینٹی لیٹر پر مریض زیرعلاج ہیں۔ خیبرٹیچنگ اسپتال کے کورونا وارڈ کا صرف ایک بیڈ خالی ہے۔