Saturday, April 20, 2024

خیبرپختونخوا میں ڈاکٹروں کی ہڑتال دوسرے روز بھی جاری ‏

خیبرپختونخوا میں ڈاکٹروں کی ہڑتال دوسرے روز بھی جاری ‏
May 16, 2019
پشاور ( 92 نیوز) خیبرپختونخوا میں ڈاکٹروں کی ہڑتال دوسرے روز بھی جاری  ہے ۔ صوبائی وزیر اطلاعات  شوکت یوسفزئی نے ڈاکٹروں کو مذاکرات کی پیشکش کر دی ۔ پشاور کے خیبرٹیچنگ اسپتال میں دو روز قبل وزیرصحت کے گارڈ کے ہاتھوں ڈاکٹرضیاء الدین کی پٹائی پر ڈاکٹر سراپا احتجاج ہیں، پشاورسمیت خیبرپختونخوا میں  اسپتالوں میں دوسرے روز بھی ڈاکٹروں کی ہڑتال جاری رہی ،  لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاورمیں ڈاکٹروں نے پہلے ایڈمنسٹریشن بلاک کے سامنے نعرہ بازی اور پھرمختلف شعبوں میں مارچ کیا۔ اسپتالوں میں اوپی ڈی سمیت تمام سروسز بند رہیں ،صرف ایمرجنسی کور دی جاتی رہی ۔ وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا کہ بزرگ اور شریف آدمی پر انڈے پھینکنا کہاں کا انصاف ہے ، جو ڈاکٹر تبادلے اور اصلاحات نہیں مانیں گے وہ گھر جائیں گے یا پھر ہم ۔   شوکت یوسفزئی نے خبردار کیا  کہ جوڈاکٹر خود بھی ہڑتال کر رہے ہیں اور دوسروں کو اکسا رہے ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ  مذاکرات اور احتجاج ڈاکٹروں کا حق ہے مگر  ڈاکٹروں کے احتجاج سے عام آدمی متاثر ہو رہا ہے۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ہم نے  5سال میں 5ہزار سے زائد ڈاکٹروں کا اضافہ کیا گیا،ضلعی سطح پر بھی ڈاکٹروں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا،  ہم نے 142 فیصد ڈاکٹروں میں اضافہ کیا،  ہر مطالبے کومانا۔ ان کا کہنا تھا کہ  ہم نے ڈاکٹروں کا ہیلتھ پروفیشنل  الاؤنس 10ہزار سے بڑھا کر40ہزار کیا، پیرمیڈیکس کا ہاؤس الاؤنس نہیں تھا،10ہزار روپے کیا، نرسوں کا ڈریس الاؤنس 600سے بڑھا کر3100روپے کیا۔کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی لیکن حکومت کے جانب سے گھٹنے ٹیکنے کا خیال دل سے نکال دیں۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ  کیا پڑھا لکھا ڈاکٹر ایک بوڑھے آدمی پر انڈا پھینکتا ہے، گالیاں دینے پر کوئی خاموش نہیں رہ سکتا، انکوائری کے بعد تفصیلات سامنے آجائیں گی۔