Saturday, April 27, 2024

خیبرپختونخوا میں ڈاکٹرز کی ہڑتال دو دن کیلئے مؤخر

خیبرپختونخوا میں ڈاکٹرز کی ہڑتال دو دن کیلئے مؤخر
May 20, 2019
پشاور ( 92 نیوز ) خیبرپختونخوا میں ڈاکٹرز کی ہڑتال دو دن کیلئے مؤخر  کر دی گئی ،  پشاور میں آج سے سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز کھل گئیں ۔ وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے ڈاکٹروں کا وفد کل وزیراعلیٰ محمود خان سے ملاقات کرے گا  ۔  ادھر ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ  وزیراعلیٰ سے مذاکرات کے بعد آئندہ کے احتجاج  کا لائحہ عمل طے کریں گے۔ خیبرٹیچنگ اسپتال میں وزیرصحت کے گارڈ کے ہاتھوں ڈاکٹر پر تشدد کے خلاف احتجاج نے شدت اختیار کی تو وزیراعلٰی محمودخان کو خود میدان میں آنا پڑا، ہڑتالی ڈاکٹروں کو 21 مئی کو مذاکرات کی پیش کش کی۔ ڈاکٹرز نےمذاکرات کی پیش کش قبول کرکے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی اور لیڈی ریڈنگ اسپتال کی اوپی ڈی کھول دی۔ ایچ ایم سی میں بھی اوپی ڈی فعال ہے جبکہ کے ٹی ایچ میں اوپی ڈی بند ہے۔ خیبرپختونخوا ڈاکٹرز کونسل نےاحتجاج کے دوران ڈاکٹرضیاء الدین پرتشدد کے بعد وزیرصحت ہشام انعام اللہ اور بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین نوشیروان برکی کے استعفے اور وزیرصحت کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ صوبائی حکومت نے اسپتالوں میں ہرحال میں اصلاحات کے نفاذ کے عزم کا اظہار کیا ہے اور ڈاکٹروں کو ان کے ڈومیسائل والے اضلاع بھجوانے کے فیصلے پرڈٹی ہوئی ہے۔