Tuesday, April 23, 2024

خیبرپختونخوا میں پہلی سے آٹھویں جماعت کے طلباء کو اگلی جماعت میں پروموٹ کرنے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا میں پہلی سے آٹھویں جماعت کے طلباء کو اگلی جماعت میں پروموٹ کرنے کا فیصلہ
April 10, 2020
پشاور (92 نیوز) خیبرپختونخوا میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک کے طلباء کو اگلی جماعت میں پروموٹ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ کورونا وائرس سے بچائو کے لئے صوبے کے تعلیمی ادارے بند ہوئے تو خیبرپختونخوا کے سرکاری اسکولوں کے طلبہ کے امتحانات اور نتائج بھی متاثر ہوئے۔ لاک ڈائون اور تعلیمی اداروں کی بندش کی مدت میں اضافہ ہوا تو رواں تعلیمی سال میں طلبہ کی پڑھائی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پہلی سے آٹھویں جماعت کے تمام طلبہ کو اگلی کلاس میں پروموٹ کر دیا جائے۔ صوبے کے سرکاری اسکولوں کے طلبہ کو نتائج اور نئی کلاس کی درسی کتب گھر تک پہنچا دی جائیں گی۔ طلبہ کو اسکول جانے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ محکمہ تعلیم ذرائع کے مطابق طلبہ کا قیمتی وقت ضائع ہونے سے بچانے اور نئی کلاس کی پڑھائی بروقت شروع کرنے کی غرض سے مفت درسی کتب کی فراہمی شروع کی جارہی ہے۔