Friday, April 26, 2024

خیبرپختونخوا میں پھر سوائن فلو نے سر اٹھالیا

خیبرپختونخوا میں پھر سوائن فلو نے سر اٹھالیا
January 17, 2019
پشاور ( 92 نیوز) خیبرپختونخوا میں ایک بار پھر سوائن فلو نے سراٹھا لیا ، لیکن صوبے کے کسی سرکاری اسپتال میں سوائن فلو کے ٹیسٹ کی سہولت موجود نہیں ، مہنگا ٹیسٹ اور علاج مریضوں کی برداشت سے باہرہوگیا۔ ایک طرف خیبرپختونخوا میں سوائن فلو نے سر اٹھا لیا ہے تو دوسری جانب محکمہ خیبرپختونخوا اس سے نبرد آزما ہونے کےلئے تیاردکھائی نہیں دیتا۔ صوبے کے کسی سرکاری اسپتال میں سوائن فلو کے ٹیسٹ کی سہولت موجود نہیں ،  ٹیسٹ کےلئے مریضوں کو نجی اسپتالوں میں بھجوایا جاتا ہے۔ نجی اسپتال میں ٹیسٹ 10 سے 13 ہزار روپے میں ہوتا ہے۔ پشاورکے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں سوائن فلو کے پانچ مریض زیرعلاج ہیں۔ جہاں مریضوں کےلئے آئسولیشن وارڈ بھی موجود نہیں۔ اسپتال کے ڈین تسلیم کرتے ہیں کہ اسپتال میں یہ سہولت موجود نہیں، مریض مہنگے داموں ٹیسٹ کرانے پر مجبورہیں۔ سوائن فلو کے علاج کےلئے ادویات بیرون ملک سے منگوائی جاتی ہیں، جو مہنگا ہونے کے باعث مریضوں کی برداشت سے باہر ہے۔ سرکاری اسپتالوں میں سوائن فلو کےعلاج کےلئے مہنگی ادویات نہ ہونے کے باعث مریض رل رہے ہیں۔