Thursday, May 9, 2024

خیبرپختونخوا میں میٹرک اور انٹر کے امتحانات میں آج پھر پرچہ آؤٹ ہو گیا

خیبرپختونخوا میں میٹرک اور انٹر کے امتحانات میں آج پھر پرچہ آؤٹ ہو گیا
July 17, 2021

پشاور (92 نیوز) خیبر پختونخوا میں نقل کے خاتمے کے لئے دعوے تو کئے جاتے ہیں مگرعملا حالات اس سے یکسر مختلف ہیں۔ خیبرپختونخوا میں میٹرک اور انٹر کے امتحانات کے دوران آج پھر پرچہ آؤٹ ہوگیا۔

مردان میں دسویں جماعت کے ریاضی کا پرچہ 9 بجے شروع ہونا تھا مگر یہ پرچہ 8 بجکر 20 منٹ پر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔

ٹیکنیکل بورڈ کے الیکٹریکل انجینئرنگ کے سیکنڈ ایئر کا پرچہ 24 گھنٹے پہلے وائرل ہو گیا ۔ یہ پرچہ ایک دن قبل وزیرستان کے علاقہ وانا چغمالی ہال میں طلبہ کو حل کرنے کے لئے دیا گیا اور ایک دن قبل پرچہ دینے کے باجود کنٹرولر امتحانات ریاض خان نے اسے کارآمد قرار دیا تاہم دوسرے ہالوں میں ہفتے کے دن ہونے والا پرچہ تبدیل کر دیا گیا۔

وزیر تعلیم نے تمام میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے امتحانی ہالوں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے اور مانیٹرنگ کرانے کا بلند بانگ دعویٰ تو کر دیا مگر بنوں کے ایک ہال میں بچے سٹاف کی موجودگی میں نقل کرتے رہے۔ سی سی ٹی وی کیمروں پر یہ منظر دکھائی دیتا رہا ۔ مانیٹرنگ بھی ہوتی رہی مگر امتحانی ہال کے عملے کے خلاف کارروائی ہوئی اور نہ ہی مانیٹرنگ کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں لائی گئی۔