Friday, March 29, 2024

خیبرپختونخوا میں طوفانی بارش نے تباہی مچا دی ، حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 13 ہو گئی

خیبرپختونخوا میں طوفانی بارش نے تباہی مچا دی ، حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 13 ہو گئی
September 2, 2020

پشاور ( 92 نیوز) خیبرپختونخوا میں طوفانی بارش نے تباہی مچا دی،مکانات کی چھتیں گرنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 13 ہوگئی، مختلف واقعات میں اٹھائیس سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔  بارشوں کے باعث 76 مکانات کو نقصان پہنچا، رابطہ پلوں کے علاوہ تیرہ مویشی بھی سیلاب کی نذر ہوگئے ، دریاؤں میں طغیانی کے باعث چارسدہ میں خیالی پل ٹریفک کےلئے بند کردیا گیا۔

خیبرپختونخوا طوفانی بارش نے ایک پھر تباہی مچائی، پی ڈی ایم اے کے مطابق بارش کے باعث ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی سے قریب واقع گھروں، رابطہ پلوں اور دیگر املاک کو نقصان پہنچایا، بارش کے باعث چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات میں صوبے میں جاں بحق افراد کی تعداد تیرہ ہوگئی اٹھائیس سے زائد زخمی ہوئے۔

مانسہرہ کے علاقہ اوگی میں گھر کی چھت گرنے سے چار افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی۔ بونیر میں پہاڑی تودہ مکان پر گرنے سے خاتون سمیت تین افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق دریاؤں میں پانی کے بہائو میں اضافہ ہوگیا ہے۔ قریبی مکینوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ چارسدہ میں دریاء سوات میں خیالی کے مقام پر طغیانی کے باعث پل کو ٹریفک کےلئے بند کردیا گیا ہے۔