Friday, May 17, 2024

خیبرپختونخوا میں سرکاری خزانے سے سٹہ کھیلا گیا‘ دانیال عزیز نے ثبوت پیش کر دیے

خیبرپختونخوا میں سرکاری خزانے سے سٹہ کھیلا گیا‘ دانیال عزیز نے ثبوت پیش کر دیے
October 15, 2015
اسلام آباد (92نیوز) خیبرپختونخوا میں سرکاری خزانے سے سٹہ کھیلا گیا‘ سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کا سکینڈل تاریخ کا بڑا اسکینڈل ہے۔ نون لیگ کے رہنما دانیال عزیز کہتے ہیں وفاق نے جو بھی پیسے دیئے وہ صوبے میں استعمال نہیں کیے گئے‘ عوام کے پیسوں پر دن دہاڑے ڈاکا ڈالا گیا‘ عمران خان جواب دیں۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ نون اور تحریک انصاف کے درمیان لفظوں کی جنگ عدالت تک پہنچ گئی۔ دانیال عزیز نے عمران خان کو الزام لگانے پر ڈیڑھ ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا اور کے پی کے حکومت کا ہائیڈل منصوبے کی رقم سٹے میں کھیلنے کے ثبوت پیش کردیے۔ مسلم لیگ نون کے رہنماوں دانیال عزیز اور طلال چوہدری نے کے پی کے حکومت کے ہائیڈل منصوبے کے 538 ملین روپے سٹاک ایکسچینج میں لگانے اور شیئرز خریدنے کا معاملہ نیب میں لے جانے کا اعلان کردیا۔ دانیال عزیزنے عمران خان کو خوب للکارا اور کہنے لگے بچے پارٹی تو اب شروع ہوئی ہے۔ جہازوں میں پھرنے والے اور سیلفی گروپ کا علاج مسلم لیگ نون کے پاس ہے۔ نیازی میں ہمت ہے تو مجھے نوٹس بھجوائیں۔ مسلم لیگی رہنماوں نے اعلان کیا کہ کے پی کے کی حکومت کے مزید کرپشن کے انکشافات کل کریں گے کیونکہ عمران خان اپنی حکومت کی کرپشن چھپانے کے لیے الزام تراشی کا سہارا لیتے ہیں۔