Tuesday, April 16, 2024

خیبرپختونخوا میں زلزلے سے جاں بحق اور زخمی ہونیوالوں کی تعداد بڑھ گئی

خیبرپختونخوا میں زلزلے سے جاں بحق اور زخمی ہونیوالوں کی تعداد بڑھ گئی
October 28, 2015
پشاور (92نیوز) ملک میں آنے والے خوفناک زلزلے سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 300 سے تجاوز کر گئی ہے۔ صرف خیبرپختونخوا میں زلزلے کے دوران جاں بحق افراد کی تعداد دو سو بیس ہوگئی۔ زخمیوں کی تعداد بھی بڑھ کرایک ہزار پانچ سو چھپن ہوگئی۔ اڑتیس زخمی تاحال پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ دو کی حالت تشویشناک ہے۔ تفصیلات کے مطابق 26 اکتوبرکے ہولناک زلزلے کی تباہ کاریوں کے اعداد وشمارہردن گزرنے کے ساتھ تبدیل ہو رہے ہیں۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق صوبے میں جاں بحق افراد کی تعداد دو سو بیس ہوگئی ہے۔ سب سے زیادہ جانی نقصان ضلع شانگلہ میں ہوا جہاں جاں بحق افراد کی تعداد 49 ہے۔ سوات میں34، دیرلوئر میں 24 اور تورغر میں بیس افراد جاں بحق ہوئے۔ زخمیوں کی تعداد بھی ایک ہزار 556 تک پہنچ گئی۔ پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں اڑتیس زخمی تاحال زیرعلاج ہیں۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے آرتھوپیڈک وارڈ میں26، نیورو سرجری میں 10 زخمی زیرعلاج ہیں۔ سرجیکل اورآئی سی یو میں داخل دو زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ زخمیوں نے الزام لگایا کہ انہیں قبل از وقت ہسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے۔ زلزلہ کے بعد بند راستے کھلنے کے باعث صوبے کے دور دراز علاقوں سے زخمیوں کی لیڈی ریڈنگ ہسپتال آمد کا سلسلہ جاری ہے۔