Friday, May 17, 2024

خیبرپختونخوا میں بے گھر افراد کو سردی سے بچانے کیلئے اقدامات

خیبرپختونخوا میں بے گھر افراد کو سردی سے بچانے کیلئے اقدامات
December 30, 2019
پشاور ( 92 نیوز)  خیبرپختونخوا شدید سردی کی لپیٹ میں آیا تو وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر بے گھر ، مسافروں اور ضرورت مندوں  کے لئے عارضی پناہ گاہیں قائم کر دی گئی ہیں، پناہ گاہوں کو کمبل اور دیگر ضروری سامان فراہم کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلی سیکرٹریٹ  کے مطابق صوبے کے 18 اضلاع میں بے گھر افراد کو سردی سے بچانے کے انتظامات کیے گئے ہیں، ان اضلاع میں بیڈز، کچن کے سامان کے علاوہ ایک ہزار سے زائد کمبل بھیجے جا چکے ہیں۔ بنوں، لو ئر چترال، ہنگو' بس اڈا کرم اور بٹگرام میں عارضی پناہ گاہوں کے قیام کا بندوبست کرلیا گیا ہے ، ضلع کرک  میں بیچلر ہاسٹل کو بے گھر افراد کے لئے  کھول دیا گیا ہے۔ بشام، تیمرگرہ، سرائےنورنگ، بٹ خیلہ اور پشاور میں پجگی روڈ پر عارضی پناہ گاہیں قائم کر دی گئی ہیں۔ بٹگرام میں قائم عارضی پناہ گاہ میں بے گھر افراد کو کھانا بھی فراہم کیا گیا۔