Thursday, March 28, 2024

خیبرپختونخوا میں بڑی مویشی منڈیاں نہیں لگیں گی

خیبرپختونخوا میں بڑی مویشی منڈیاں نہیں لگیں گی
July 13, 2020

پشاور ( 92 نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات خیبرپختونخوا  کامران بنگش نے کہا ہے کہ صوبے میں بڑی مویشی منڈیاں نہیں لگیں گی اور چھوٹی منڈیوں کو رجسٹریشن کی اجازت دی جائے گی، منڈیوں میں بڑی عمر کے افراد اور بچوں کے جانے پر پابندی ہو گی۔

سابق مشیر اطلاعات اجمل وزیر پر مبینہ الزامات کے بعد معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش نے چارج سنبھالتے ہی محکمہ اطلاعات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا تہیہ کر لیا، اپنی پہلی بریفنگ میں کامران بنگش نے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ وہ وزیر اعظم اور وزیر اعلٰی کے اعتماد پر پورا اتریں ۔

کامران بنگش نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی عوام سے اپیل کی ہے کہ عیدالاضحیٰ کے دوران احتیاطی تدابیر پرعمل کریں تاکہ کورونا پھر سے بے قابو نہ ہو، انہوں نے کہا کہ بغیر رجسٹریشن کوئی مویشی منڈی نہیں لگے گی، منڈی میں بڑی عمر کے افراد اور بچوں کے داخلے پر پابندی ہوگی۔

کامران بنگش نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے اس سال مویشی منڈیاں آبادی سے باہر لگائی جائیں گی اور رش سے بچنے کے لئے بڑی منڈیوں کی بجائے چھوٹی چھوٹی منڈیاں لگائی جائیں گی۔