Thursday, May 2, 2024

خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات، بدانتظامی اور ٹکٹوں کی تقسیم ناکامی کی وجوہات میں شامل

خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات، بدانتظامی اور ٹکٹوں کی تقسیم ناکامی کی وجوہات میں شامل
December 22, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) خیبرپختونخوا کے بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں شکست کی وجوہات جاننے کے لیے وزیراعظم عمران خان نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کو طلب کیا جنہوں نے بلدیاتی الیکشن سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی۔

وزیراعلیٰ محمود خان کی پیش کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹکٹوں کی غلط تقسیم اورپارٹی میں بدانتظامی شکست کی بڑی وجوہات بنیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ناراض کارکن پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز کے خلاف الیکشن لڑتے رہے، اس صورت حال میں کہیں بھی پارٹی منظم نظرنہیں آئی۔

بلدیاتی الیکشن میں گورنر، وزرا، ایم پی ایز اور ایم این ایز کے رشتے داروں اور ان کے حمایت یافتہ امیدواروں کو ٹکٹ دیے گئے، مگران میں سے کئی امیدوار شکست کھا گئے، صرف وزیردفاع پرویز خٹک کے صاحبزادے اوراسپیکراسد قیصرکے کزن ہی الیکشن میں کامیاب ہوسکے۔

رپورٹ کے مطابق پشاور میں ٹکٹ گورنر شاہ فرمان، کامران بنگش اور تیمور سلیم جھگڑا کی سفارش پر دیئے گئے، مگرتینوں امیدوارہارگئے۔

چارسدہ میں ایم این اے فضل محمد کے حمایت یافتہ دونوں امیدوار ہار گئے، مردان میں تمام ٹکٹ محمد عاطف کی سفارش پر دیئے گئے، سب ناکام ہوئے، کوہاٹ میں شہریار آفریدی کے حمایت یافتہ امیدوار سلمان خان ہارگئے،

رپورٹ کے مطابق ایم این اے نور عالم خان اور ارباب وسیم مخالف امیدواروں  کی حمایت کرتے رہے۔ وزیراعظم عمران خان کا کہناتھاکہ پہلے مرحلے کے نتائج سے سبق سیکھنا ہو گا۔ اُنہوں نے فیصلہ کیا کہ بلدیاتی الیکشن کےاگلے مرحلے میں وہ خود ٹکٹوں کی تقسیم کی نگرانی کریں گے۔