Tuesday, May 21, 2024

خیبرپختونخوا میں بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی

خیبرپختونخوا میں بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی
September 3, 2020

پشاور ( 92 نیوز) خیبرپختونخوا میں بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، صوابی میں مکان کی چھت گرنے سے پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔ صوبے میں بارشوں کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 28 ہوگئی جبکہ چالیس سے زائد زخمی ہو ئے۔ بارشوں کے باعث13 مکانات مکمل تباہ جبکہ 110 کو جزوی نقصان پہنچا۔

طوفانی بارش نے خیبرپختونخوا  میں بڑے پیمانے پر مچا دی۔ ضلع صوابی کے علاقہ موسٰی بانڈہ زیدہ میں مکان کی چھت گرنے سےتین بچوں سمیت پانچ افراد جاں بحق اوردو زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں کی عمریں دو سال سے ستائیس سال کے درمیان ہیں۔ ضلع تورغر کے علاقے بسی خیل سیرئی میں گھر پر پہاڑی تودہ گرنے کے باعث ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔

اوگی مانسہرہ میں گھر کی چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون شدید زخمی ہوئی۔ ضلع بٹگرام کے علاقہ الائی میں مکان پرتودہ گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوئے۔ بونیر میں پہاڑی تودہ مکان پر گرنے سے خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق اور تین زخمی ہو ئے۔

بارشوں کے باعث چالیس سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے جبکہ سوات، اپردیر اور بٹگرام میں کئی رابطہ پل بھی سیلاب میں بہہ گئے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں سے صوبے میں تیرہ مکانات مکمل تباہ جبکہ 110 کو جزوی نقصان پہنچا۔