Thursday, March 28, 2024

خیبرپختونخوا میں اگلی حکومت ہماری ہو گی : وزیراعظم

خیبرپختونخوا میں اگلی حکومت ہماری ہو گی : وزیراعظم
October 28, 2016
کوہاٹ (92نیوز) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دوہزار اٹھارہ میں دھرنے والوں کی سیاست ختم ہو جائےگی اور خیبرپختونخوا میں بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہو گی۔ وزیراعظم نے کوہاٹ کے لیے تیس کروڑ روپے گرانٹ اور ہسپتال کی تعمیر کے علاوہ کئی چھوٹے بڑے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کر دیا جبکہ وزیر اعظم کے خطاب کے دوران جلسہ گاہ کے باہر مسلم لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکن آپس میں لڑ پڑے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف سیاسی گرماگرمی کے اس ما حول میں کوہاٹ پہنچے۔ جلسہ عام سے خطاب کیا اور کوہاٹ والوں کےلئے خزانے کا منہ کھول دیا۔ وزیراعظم نے وعدہ کیا کہ کوہاٹ میں ہسپتال بنے گا۔ موٹر وے کی توسیع ہو گی۔ خواتین کا یونیورسٹی کیمپس بنایا جائے گا۔ ضلعی اور تحصیل کونسل کو تیس کروڑ روپے گرانٹ ملے گی اور راولپنڈی سے کوہاٹ ریل کار سروس بھی شروع ہو گی۔ سیاسی کشیدگی کے اس ماحول میں وزیراعظم نے سیاست پر بھی کھل کر بات کی۔ مخالفین کو لتاڑا اور کہا کہ دوہزار اٹھارہ دھرنے والوں کی سیاست کے خاتمے کاسال ہوگا۔ خیبرپختونخوا بھی مسلم لیگ (ن) کا ہوگا۔ وزیراعظم کا خطاب جاری تھا کہ جلسہ گاہ کے باہر مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی اے کے ارکان آمنے سامنے آ گئے۔ ہنگامہ آرائی کی اور ایک دوسرے پر پتھر برسائے۔