Thursday, May 9, 2024

خیبرپختونخوا میں انسداد پولیو مہم میں مقررہ ہدف حاصل کرلیا گیا

خیبرپختونخوا میں انسداد پولیو مہم میں مقررہ ہدف حاصل کرلیا گیا
September 28, 2020

پشاور ( 92 نیوز) خیبرپختونخوا میں رواں ماہ چلائی گئی انسداد پولیومہم کے دوران مقررہ ہدف حاصل کرلیا گیا۔ مہم کے دوران پانچ سال عمر تک کے بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کی شرح اٹھانوے فیصد رہی، پولیو سے انکاری والدی کی تعداد اڑتالیس ہزار پانچ سو چوالیس رہ گئی۔ شمالی اور جنوبی وزیرستان میں بھی مہم کامیاب رہی۔

خیبرپختونخوا  میں 21 ستمبر سے چلائی گئی انسداد پولیو مہم کے دوران بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کا ٹارگٹ حاصل کرلیا گیا۔ صوبے بھر میں 65 لاکھ 35 ہزار بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔ پولیو ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے اعداد وشمار کے مطابق مہم کے دوران 60 لاکھ 13 ہزار بچوں کو پولیو ویکسین پلائی گئی۔ اس طرح یہ شرح 98.18 رہی۔

صوبے میں بچوں کو پولیو قطرے پلانے سے انکار کرنے والے والدین کی تعداد میں بھی کمی آئی، انکاری والدین کی تعداد اڑتالیس ہزار 544 رہ گئی۔ سب سے زیادہ انکاری والدین کی تعداد پشاور میں 29 ہزار157 رہی۔

پولیو مہم قبائلی اضلاع میں بھی کامیاب رہی، شمالی وزیرستان میں ایک لاکھ ایک ہزار 684 اور جنوبی وزیرستان میں 81 ہزار600 بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے گئے۔