Tuesday, April 23, 2024

خیبرپختونخوا میں آج عید منائی جا رہی ہے

خیبرپختونخوا میں آج عید منائی جا رہی ہے
June 4, 2019
پشاور ( 92 نیوز ) ملک میں دو عیدوں کی روایت ختم نہ ہوسکی، مفتی پوپلزئی اور وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا کے اعلان پر خیبرپختونخوا بھر میں آج عید الفطر منائی جارہی ہے۔ پشاور سمیت مختلف شہروں میں نماز عید کے بڑے اجتماعات ہوئے ، ادھر صوبے کے مختلف  شہروں دیر بالا، ایبٹ آباد، بٹ گرام، ڈیرہ اسماعیل خان  اور ہزارہ ڈویژن میں آج روزہ ہے جبکہ  مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان پر عید منائی جائے گی۔ پاکستان میں اس بار بھی 2 عیدیں ہوں گی  ، مفتی شہاب الدین پوپلزئی کے اعلان پر خیبرپختونخوا  میں سرکاری عید ہوگئی۔ مقامی علماء کی غیرسرکاری رویت ہلال کمیٹی نے عید کا چاند نظرآنے کا اعلان کیا  تو خیبرپختونخوا حکومت بھی اس کی ہمنوا بن گئی۔ صوبائی حکومت نے مفتی شہاب الدین پوپلزئی کے پہلے روزے کےاعلان کونہ مانا لیکن عید کے اعلان کو سرکاری سطح پر پذیرائی بخش کر 28 روزوں کے بعد ہی ملک میں دو عیدوں کی روایت پرسرکاری مہر ثبت کردی۔ آج پشاور، چارسدہ،مردان، صوابی، نوشہرہ، قبائلی اضلاع میں عید منائی جا رہی ہے لیکن ہری پور، ایبٹ آباد،مانسہرہ، بٹگرام، کوہستان پرمشتمل ہزارہ ڈویژن میں عید مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق منائی جائے گی۔ مالاکنڈ ڈویژن ،  ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں بھی  عید مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق منائی جائے گی۔