Thursday, April 25, 2024

خیبرپختونخوا میں 20 کلو آٹے کی قیمت 250 روپے تک بڑھ گئی

خیبرپختونخوا میں 20 کلو آٹے کی قیمت 250 روپے تک بڑھ گئی
March 29, 2020
پشاور (92 نیوز) خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آٹے کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی۔ 20 کلو گرام آٹے کے تھیلوں کی قیمتوں میں ڈھائی سو روپے اضافے نے غریب سے روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا ہے۔ لاک ڈاؤن کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے آٹا ڈیلروں نے خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آٹے کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کر دیا۔ مکس آٹے کے 20 کلو گرام تھیلے کی قیمت ساڑھے 8 سو روپے تھی جو اب بڑھ کر 11 سو روپے تک پہنچ گئی۔ فائن آٹے کا تھیلا جو چند روز قبل ساڑھے نو سو روپے میں دستیاب تھا، اب 12 سو روپے میں بک رہا ہے۔ شہریوں کے مطابق اس کی وجہ بیشتر بازاروں کی بندش ہے۔ حکومت نے اشیائے خورد و نوش کی سپلائی بحال رکھنے کے لئے خوردنی اشیاء لانے والی گاڑیوں پر پابندی تو ہٹا دی ہے مگر قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کرنے والوں کو لگام نہ دے سکی۔ خود کو گھروں میں قرنطینہ کرنے والے اور لاک ڈاؤن کے احکامات کی تعمیل کرنے والے اب تندوروں کی بجائے گھروں میں روٹی پکانے لگے تو منافع خوروں نے اس کا خوب فائدہ اٹھایا۔ بازاروں میں اب حکمران نظر آتے ہیں اور نہ ہی ضلعی انتظامیہ دکھائی دیتی ہے۔