Sunday, May 12, 2024

خیبرپختونخوا میں 1622 بچے کورونا وائرس کا شکار ہو گئے

خیبرپختونخوا میں  1622 بچے کورونا وائرس کا شکار ہو گئے
March 31, 2021

پشاور (92 نیوز) پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے وار تیزی سے جاری ہیں۔ کورونا کی تیسری لہر نے بچوں کو لپیٹ میں لے لیا۔ محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں 1622 بچے کورونا وائرس سے متاثرہ ہوئے۔

کورونا کی تیسری لہر نے خیبرپختونخوا  میں ایسے پنجے گاڑے کہ روزانہ مثبت کیسز کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ساتھ شرح اموات بھی بڑھنے لگی، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبے میں کورونا وائرس نے 23 افراد کی جان لے لی۔ ان میں پندرہ افراد پشاور میں جاں بحق ہوئے، ایک ہی دن صوبے میں 1011مثبت کیسز رپورٹ ہوئے۔

کورونا کی تیسری لہر نے بچوں پر بھی وار شروع کر دیے ہیں،محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق صوبے میں ایک ہزار چھ سوبائیس بچے کورونا سے متاثرہوئے پشاورمیں کورونا متاثرہ بچوں کی تعداد 578 ہے۔ لیڈی ریڈنگ اسپتال میں 2 ، کے ٹی ایچ میں 4، نشترآباد اسپتال میں 2 اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں 2 بچے زیرعلاج ہیں۔

آئے روز پشاور کے اسپتالوں میں کورونا مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہونے لگا۔ 240 کورونا مریضوں کے گنجائش والے اسپتال ایل آر ایچ میں 185 مریض داخل ہیں۔ 106 مریضوں کے گنجائش والے کے ٹی ایچ میں 105، ایچ ایم سی میں 154 بستروں پر 139 مریض داخل ہیں۔