Saturday, May 11, 2024

خیبرپختونخوا ،لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد اور کراچی میں ڈینگی کے ڈیرے

خیبرپختونخوا ،لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد اور کراچی میں ڈینگی کے ڈیرے
September 18, 2019
  لاہور (92 نیوز) ڈینگی نے اپنے ڈنگ تیزکرلئے، خیبرپختونخوا ، راولپنڈی، اسلام آباد اور کراچی نشانے پر آ گئے، سینکڑوں افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی،خیبرپختونخوا میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 1638 تک پہنچ گئی۔ خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے 125 نئے کیسز کی تصدیق ہوگئی،سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 1638 تک پہنچ گئی۔ راولپنڈی، اسلام آباد اور کراچی بھی نشانے پر آگئے، کراچی میں24گھنٹوں کے دوران مزید 44 افراد میں ڈینگی بخار کی تصدیق ہوگئی، کراچی میں مریضوں کی تعداد 1959 ہوگئی، حیدر آباد میں بھی ڈینگی کا ایک مریض سامنے آیا، سندھ کے دیگر شہروں میں بھی دو مریض رپورٹ ہوئے۔ پنجاب میں مزید 178 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی، صوبائی دارلحکومت میں 985 افراد ڈینگی بخار میں مبتلا ہوگئے۔ 82 مریضوں کا تعلق راولپنڈی جبکہ 81 کا اسلام آباد سے ہے، ہولی فیملی ہسپتال میں زیرعلاج ایک اور مریض دم توڑ گیا۔ لاہور کے 11 سو 35 مقامات سے ڈینگی لاورا برآمد ہوا، ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق 61 افراد کیخلاف مقدمات درج کرلئے۔ فیصل آباد میں 2،جھنگ میں بھی 2 کیسز سامنے آئے، وہاڑی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، مظفرگڑھ، ملتان، بہاولپور اور چکوال سے ایک ایک مریض رپورٹ ہوا۔ ملتان کے نشتر اسپتال میں ایم ایس کی رہائش گاہ کے قریب سمیت 144 مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا، ڈینگی نے ڈی آئی خان، ٹانک، لکی مروت اور چارسدہ کوبھی لپیٹ میں لے لیا۔