Thursday, April 18, 2024

خیبرپختونخوا سے سینیٹ کی خالی نشست پر پی ٹی آئی امیدوار ذیشان خانزادہ کامیاب

خیبرپختونخوا سے سینیٹ کی خالی نشست پر پی ٹی آئی امیدوار ذیشان خانزادہ کامیاب
November 26, 2019

 پشاور (92 نیوز) خیبرپختونخوا سے سینیٹ کی خالی نشست تحریک انصاف نے جیت لی۔ پی ٹی آئی امیدوار ذیشان خانزادہ 104 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے۔

خیبرپختونخوا سے سینٹ کی خالی ہونے والی نشست پر ضمنی انتخاب کے لئے صوبائی اسمبلی میں پولنگ ہوئی۔ صوبائی الیکشن کمشنر پیر مقبول نے پریذائیڈنگ افسر کے فرائض انجام دیئے۔

 وزیراعلٰی محمود خان، اسپیکرمشتاق غنی اور صوبائی وزراء نے بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ ایک سو پینتالیس کے ایوان میں 139 اراکین نے ووٹ ڈالا۔ جماعت اسلامی کے تین اراکین نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔ تین اراکین بیرون ملک ہونے کے باعث ووٹ نہ ڈال سکے۔ وزیراعلٰی محمود خان نے میڈیا سے بات چیت میں پارٹی میں اختلاف کو افواہیں قرار دیا۔

 پولنگ کا وقت ختم ہونے پر ووٹوں کی گنتی ہوئی۔ غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے ذیشان خانزادہ 104 ووٹ لے کر منتخب ہو گئے۔ متحدہ اپوزیشن کے فرزندعلی کو 31 ووٹ ملے، چار ووٹ مسترد ہوئے۔

سینٹ کی یہ نشست پیپلزپارٹی کے خانزادہ خان کے استعفٰی کے بعد خالی ہوئی تھی۔ خانزادہ خان کے بیٹے ذیشان خانزادہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر اپنے والد کی خالی کردہ نشست پر منتخب ہو گئے۔